لالی ووڈ کے معروف فلم ہدایت کار ندیم چیمہ نے لیجنڈری اداکار شفقت چیمہ کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کر دی۔
ندیم چیمہ نے لیجنڈری اداکار کی صحت کے حوالے سے اپ ڈیٹ بھی دی ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کہ بعد اب شفقت چیمہ گھر آ گئے ہیں جبکہ انہیں ابھی بھی دماغی مسائل کا سامنا ہے۔
حال ہی میں فلم ’باپ‘ کا پریمیئر ہوا، اس موقع پر ہدایت کار ندیم چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔
دورانِ گفتگو ہدایت کار سے 62 سالہ شفقت چیمہ کی صحت کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
انہوں نے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ شفقت چیمہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے علیل ہیں اور ان کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے، گزشتہ 6 ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے، جس کے بعد انہیں حال ہی میں گھر منتقل کیا گیا ہے۔
ہدایت کار کے مطابق ڈاکٹرز لیجنڈری اداکار کا علاج کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ادویات سے ان کی صحت بہتر ہو جائے گی، ڈاکٹرز ان کا علاج گھر پر ہی کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
ندیم چیمہ کے مطابق شفقت چیمہ کو نیورو کے مسائل کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ان کی یادداشت چلی جاتی ہے لیکن پُر امید ہیں کہ جلد ان کی صحت بہتر ہو جائے گی، ہم ان کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کر رہے ہیں، ان کے مداحوں سے گزارش ہے کہ وہ ان کی صحت کے لیے دعا کرتے رہیں۔
یہاں یہ بھی واضح کر دیں کہ شفقت چیمہ کے بیٹے شہریار چیمہ نے اس سے قبل متعدد بار والد (شفقت چیمہ) کے ذہنی عارضے میں مبتلا ہونے کی تردید کی اور ان کی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو غیر مصدقہ قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ والد (شفقت چیمہ) نمونیا کی شکایت پر گھر کے قریبی اسپتال میں زیرِ علاج رہے ہیں تاہم اب وہ مکمل طور پر صحت یابی کی راہ پر گامزن ہیں۔
خیال رپے کہ شفقت چیمہ پاکستانی فلموں کے نامور اداکار ہیں جنہوں نے لالی ووڈ کی 952 فلموں میں کام کیا ہے۔
انہوں نے لالی ووڈ کی بے شمار فلموں میں وِلن کا کردار ادا کیا ہے جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں خوب پزیرائی ملی ہے۔