• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اُدت نارائن کی اپنی متنازع وائرل ویڈیو پر لب کشائی

اُدت نارائن —فائل فوٹو
 اُدت نارائن —فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مقبول گلوکار اُدت نارائن نے اپنی متنازع وائرل ویڈیو پر لب کشائی کر دی۔

حال ہی میں بھارتی گلوکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں سیلفی لینے والی خواتین مداحوں کے ساتھ بوس و کنار کرتے دیکھا گیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گلوکار پر شدید تنقید کی گئی، تاہم اب بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اپنی متنازع ویڈیو پر اپنا دفاع کیا اور کہا کہ ہم مہذب لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو کو فضول میں اسکینڈل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ تو پرستاروں کا خالص اظہارِ محبت کا طریقہ ہے۔

اُدت نارائن نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اس عمر میں ایسا کچھ کیوں کروں گا، زندگی کے اس مقام پر جب میں نے سب کچھ حاصل کر لیا ہے؟

گلوکار کا کہنا ہے کہ میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک گہرا، خالص اور اٹوٹ رشتہ ہے، جسے اسکینڈل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میرے مداح مجھ سے اور میں ان سے پیار کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ کو میری آواز میں کوئی ندامت یا غم سنائی یا دکھائی دے رہا ہے؟ نہیں بلکہ میں تو ہنس رہا ہوں، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہوا، میں جانتا ہوں میری نیت صاف ہے، ہم مہذب لوگ ہیں، مجھے ان پر افسوس ہوتا ہے جنہیں اس پر کسی قسم کا اعتراض ہے۔

اُدت نارائن نے اپنے انٹرویو کے آخر میں ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے ان کی ویڈیو کو اسکینڈل بنانے کی کوشش کی، جس کے سبب ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید