• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفقت چیمہ شدید بیمار، کومہ میں جانے کی خبر جھوٹی ہے: بیٹا


پنجابی فلموں کے معروف وِلن شفقت چیمہ کے بیٹے نے والد کے کوما میں جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ 62 سالہ اداکار شدید علیل ہیں، انہیں فالج کا دورہ پڑا ہے اور وہ دماغ کی شریان میں خون جم جانے کی وجہ سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں وہ کومہ میں چلے گئے ہیں۔

اب سینیئر اداکار کے بیٹے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے والد کی علالت کی تصدیق کی لیکن ان کے کومہ میں جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

حالیہ ویڈیو پیغام میں شفقت چیمہ کے بیٹے نے واضح کیا ہے کہ والد کے فالج کے دورے اور کومہ میں جانے سے متعلق تمام خبریں جھوٹی ہیں۔

انہوں نے معلومات کی تصدیق پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ براہِ کرم ایسی افواہیں پھیلانے سے قبل تصدیق کر لیں، جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ حال ہی میں والد (شفقت چیمہ) نمونیا کی شکایت پر گھر کے قریبی اسپتال میں زیرِ علاج رہے ہیں تاہم اب وہ مکمل طور پر صحت یابی کی راہ پر گامزن ہیں۔

خیال رپے کہ شفقت چیمہ پاکستانی فلموں کے نامور اداکار ہیں جنہوں نے لالی ووڈ کی 952 فلموں میں کام کیا ہے۔

انہوں نے لالی ووڈ کی بے شمار فلموں میں وِلن کا کردار ادا کیا ہے جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں خوب پزیرائی ملی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید