امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر یوکرین چاہتا ہے کہ امریکا اس کی امداد جاری رکھے تو وہ ہمیں اپنی معدنیات فراہم کرے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم یوکرین سے امداد جاری رکھنے کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، بشرطیکہ ضمانت میں وہ ہمیں نایاب معدنیات فراہم کرے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر کی جانب سے یوکرین سے گہرے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے کہ امریکا کو نئی ٹیکنالوجی میں بہتری لانے کے لیے یوکرین سے معدنیات درکار ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین اگر رضامند ہے تو 300 بلین ڈالرز امداد کے حساب کو برابر کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں 17 نایاب معدنیات میں ایسی دھاتیں شامل ہیں جو الیکٹرک وہیکلز، موبائل فونز اور مختلف الیکٹرانکس مصنوعات و پرزوں کی تیاری میں استعمال ہو سکتی ہیں، یوکرین کے پاس ان کے ذخائر موجود ہیں۔
یوکرین لیتھیئم، یورینیئم اور ٹائٹینیئم کے بڑے ذخائر رکھتا ہے۔
اب بھی امریکا کے پاس ایسی معدنیات کے ذخائر موجود ہیں جنہیں تاحال استعمال میں نہیں لایا گیا، جبکہ چین ایسی نایاب معدنیات پیدا کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔