• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں زیر حراست تارکین وطن کی پہلی پرواز گوانتاناموبے پہنچ گئی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

امریکا میں زیر حراست تارکین وطن کو لے کر امریکی فوجی طیارے کی پہلی پرواز گوانتاناموبے پہنچ گئی۔

ٹرمپ انتظامیہ کیوبا کے بحری اڈے پر ہزاروں تارکین وطن کو رکھنے کی تیاری کر رہی ہے، جہاں کئی دہائیوں سے بنیادی طور پر 11 ستمبر 2001 کے حملوں میں ملوث غیر ملکیوں کو رکھا جاتا تھا۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بارے میں بہت واضح رہے ہیں، گوانتاناموبے میں بدترین حالات ہوں گے اور یہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ گوانتاناموبے جانے والی فوجی پرواز میں 9 - 10 تارکین وطن سوار تھے، جو انتہائی خطرناک غیر ملکی مجرم ہیں، انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جگہ کو ایک ہولڈنگ سینٹر کے طور پر دیکھا ہے اور کہا ہے کہ اس میں 30 ہزار سے زیادہ افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ تارکین وطن کو گوانتانامو بھیجنا ایک انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل ترجمان نے مزید کہا یہ لوگوں کو وکلا اور خاندانوں سے دور کر کے ایک بلیک ہول میں پھینک دے گا، تاکہ امریکی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری رکھ سکے، گوانتانامو کو اب ہمیشہ کے لیے بند کر دیں۔

سابق صدر باراک اوباما اور جو بائیڈن نے گوانتانامو جیل کو بند کرنے کی کوشش کی لیکن ٹرمپ نے اسے کھولے رکھنے کا عزم کیا ہے، فوجی پروازیں تارکین وطن کو پہلے ہی گوئٹے مالا، پیرو، ہونڈوراس اور بھارت بھیج چکی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید