بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے پاکستانی شیف کے ہاتھوں کا کھانا پسند کیا۔
اس بات کا انکشاف پاکستانی کاروباری شخصیت سلیمان رضا نے معروف پرینک اسٹار نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا۔
سلیمان رضا نے کہا کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آریان خان کی سالگرہ لندن میں منائی جس کی تقریب کے انتظامات اور کھانے کا آرڈر انہیں دیا گیا، تقریب میں آریان خان کے کالج کے دوست اور دیگر لوگ شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی سالگرہ میں ہم نے بریانی، قورمہ اور دیگر کھانے پیش کیے۔ شاہ رخ خان کی جانب سے ہم سے خصوصی طور پر مچھلی بنانے کی خواہش کی گئی، جو انہیں خوب پسند آئی۔
سلیمان رضا نے کہا کہ بالی ووڈ کی اہم شخصیات ان کے ریسٹورنٹ میں آچکی ہیں، جن میں سنجے دت اور سلمان خان وغیرہ بھی شامل ہیں، سلمان خان جب ان کے ریسٹورنٹ میں تشریف لائے تو اس موقع پر ریسٹورنٹ کے باہر کافی رش لگ گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستانی کاروباری شخصیت سلیمان رضا کو گزشتہ سال باوقار فریڈم آف دی سٹی آف لندن کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
سلیمان رضا ایم بی ای ایک مشہور برٹش پاکستانی کاروباری، ریسٹورنٹس اونر اور مخیر شخصیت ہیں۔ یہ اعزاز شہر لندن کی طرف سے عطا کردہ اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک ہے جو کہ سلیمان رضا کی کمیونٹی میں غیر معمولی شراکت، کاروبار اور انسان دوستی میں ان کی کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے دیا گیا تھا۔