• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاہدے میں مزید توسیع کا خواہشمند نہیں، چیئرمین پی پی ایف نارملائزیشن کمیٹی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ وہ اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اور 15 فروری کو عہدے کی معیاد مکمل ہونے کے بعد مزید کام جاری نہیں رکھیں گے۔

فیفا نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ کو 31 جولائی تک کی توسیع دی تھی، اس سے قبل فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کی مدت 15 فروری طے کی تھی۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ہارون ملک نے کہا کہ انہوں نے فیفا کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ اپنے معاہدے میں مزید توسیع کے خواہشمند نہیں ہیں۔

 ہارون ملک کے فیصلے کے بعد فیفا کو 16 فروری سے 31 جولائی تک کے توسیع شدہ مینڈیٹ کے لیے نیا چیئرمین مقرر کرنا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون ملک اس سے قبل دسمبر میں بھی فیفا سے کہہ چکے تھے کہ وہ بطور چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی مزید کام کرنا نہیں چاہتے لیکن اس وقت فیفا نے انہیں فروری تک کام جاری رکھنے پر راضی کرلیا تھا۔

ہارون ملک نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پی ایف ایف میں جو کام کرنا تھا، اس کا 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی ماندہ امور نارملائزیشن کمیٹی کے دیگر اراکین مکمل کر لیں گے۔ 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئنی تنازہ جلد حل ہوجائے گا جس کے بعد بس رسمی کارروائی باقی رہ جائے گی۔ نارملائزیشن کمیٹی کے نئے چیئرمین کے تقرر کا فیصلہ فیفا ہی کرے گی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن میں 2019 سے نارملائزیشن کمیٹی کام کررہی ہے، حمزہ خان کمیٹی کے پہلے چیئرمین تھے، انہوں نے دسمبر 2020 میں استعفی دیا تھا جس کے بعد منیر سندھانہ نے عبوری چیئرمین کے طور پر کام سنبھالا۔ 

2021 میں فیفا نے ہارون ملک کو بطور چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی مقرر کیا تاہم ان کی تقرری کے چند ماہ بعد پی ایف ایف دفاتر پر اشفاق گروپ نے قبضہ کرلیا تھا جس پر پاکستان کی رکنیت معطل کردی گئی تھی جو جون 2022 میں بحال ہوئی۔

2024 جنوری میں نارملائزیشن کمیٹی نے ڈسٹرکٹ سطح اور ستمبر میں صوبائی الیکشن کا عمل مکمل ہوگیا تھا تاہم صدارتی الیکشن کے عمل میں آئنی مسائل درپیش رہے اور کانگریس نے مجوزہ ترامیم کو منظور کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد فیفا نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون ملک کی جانب سے مزید کام سے انکار کے بعد فیفا نے موجودہ نارملائزیشن کمیٹی کے ایک رکن سے بطور چیئرمین کام کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے اگر پیشکش منظور ہوئی تو ان کے نام کا بطور نئے چیئرمین اعلان کردیا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید