کراچی کے پریڈی تھانے کے لاک اپ میں پولیس تشدد سے وقاص نامی شہری کی ہلاک ہوا ہے۔
نوجوان شہری کو گزشتہ روز پریڈی تھانے کے کانسٹیبل اسامہ کی بائیک سے ٹکرانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
اہلِ خانہ کے مطابق ذاتی رنجش پر پولیس نے تھانے میں رات بھر تشدد کیا جس سے وقاص ہلاک ہو گیا، پولیس نے رات کو بائیک ٹکرانے اور اشیاء گم ہونے کی ایف آئی آر کاٹی تھی۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات 3 افراد کو لاک اپ کیا گیا تھا، تھانے میں تینوں کو رات بھر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، صبح اہلِ خانہ کو وقاص کے اچانک انتقال کا بتایا گیا، جس کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق وقاص کی ہلاکت کے بعد باقی 2 افراد کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے رہا کر دیا گیا ہے۔
وقاص کے اہلِ خانہ کی جانب سے لاش کے ہمراہ احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پریڈی تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلے گا کہ پولیس کسٹڈی میں نوجوان کی ہلاکت کیسے ہوئی۔