پشاور کی معروف ٹک ٹاکر سیما گُل المعروف ’سائیکو ارباب‘ پراسرار حالات میں جاں بحق، ٹک ٹاکر خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ورسک روڈ پر واقع ارباب فلیٹس کی رہائشی ٹک ٹاکر کی موت زائد مقدار میں نشہ آور گولیاں کھانے سے ہوئی۔
دوسری جانب سیما گُل کے بھائی محمد یاسین نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ انہیں اطلاع دی گئی تھی کہ سیما طبیعت بگڑنے کے بعد انتقال کر گئی ہے۔
محمد یاسین نے اپنے بیان میں اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا کہ سیما گل کی موت نشہ آور چیز کے استعمال سے ہو سکتی ہے۔
ٹک ٹاکر کے بھائی کا کہنا ہے کہ خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازع نہیں ہے۔
پولیس نے ٹک ٹاکر کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیما گل کی لاش کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور گھر سے اہم شواہد بھی اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سیما گل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔