قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، المعروف بوم بوم لالہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی 2 بیٹیوں کو ان کے نکاح کے بعد موبائل فون کے استعمال کی اجازت دی تھی۔
شاہد آفریدی کی جانب سے کچھ ماہ قبل چھوٹی عمر کے بچوں میں سوشل میڈیا کے استعمال اور اپنی بیٹیوں کو موبائل فون دینے سے متعلق دیا گیا بیان وائرل ہو گیا ہے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بچوں کو سوشل میڈیا ایپلیکیشنز خصوصاً ٹک ٹاک سے نکال کر اصلی دنیا میں لائیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر آج کل کوئی بھی شخص کسی کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے، سوشل میڈیا پر آپ جو دل چاہے کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے، آپ کا جو دل چاہتا ہے آپ کہیں مگر اپنے الفاظ کا چناؤ درست رکھیں، چاہے آپ ڈاکٹر یا انجینئر ہیں اور آپ کی تربیت اچھی نہیں ہے تو آپ کے تعلیم یافتہ ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
اس دوران کرکٹر شاہین آفریدی کو داماد بنانے کے حوالے سے بوم بوم لالہ نے کہا کہ شاہین کی فیملی نے اس کے اوپر شیروں والی نظر رکھی ہوئی تھی، شاہین کی تربیت اچھی ہوئی ہے، میری اور شاہین کی فیملی کے بزرگ آپس میں ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جانتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ شاہین جن کے ساتھ کھیلتا تھا اور جن کوچز کی نگرانی میں وہ کھیلا سب نے اس کی کافی تعریف کی تھی، اپنی بیٹی کی شاہین سے شادی کے لیے اس کی انکوائری کرنا ضروری تھا کیونکہ لڑکا اچھا ہونا چاہیے اور لڑکی بھی اچھی ہونی چاہیے تاکہ ملک کے لیے ایک اچھی نسل تیار ہو۔