• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سسرالیوں نے جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر بہو کو ایچ آئی وی آلودہ انجکشن لگا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارت کی 30 سالہ خاتون کے سسرال والوں نے جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر خاتون کو ایچ آئی وی سے آلودہ انجکشن لگا دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست یوپی کے علاقے سہارنپور کی رہائشی خاتون سسرال والوں کی شکایت لے کر عدالت پہنچ گئی۔

خاتون کے مطابق اسے کم جہیز دینے پر ہراساں کیا گیا اور ایچ آئی وی سے متاثرہ سرنج سے انجیکشن لگا دیا گیا ہے تاہم پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔

سہارنپور کی عدالت نے یوپی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ خاتون کے سسرال والوں کے خلاف شکایت درج کرے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ خاتون کے والد کا کہنا ہے کہ فروری 2023ء میں بیٹی کی شادی کی تھی، اس وقت شادی پر تقریباً 45 لاکھ روپے خرچ ہوئے تھے، ہم نے دولہا کے خاندان کو ایک ایس یو وی گاڑی اور 15 لاکھ بھارتی روپے نقد دیے لیکن انہوں نے اضافی 10 لاکھ بھارتی روپے نقد اور اور ایک بڑی ایس یو وی گاڑی کا مطالبہ کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مطالبہ پورا نہ ہونے پر پہلے بیٹی کو گھر واپس بھیجا گیا، اس کے 3 ماہ بعد گاؤں کی پنچایت کی مداخلت پر بیٹی کو واپس سسرال بھیجا تو انہوں نے اسے ہراساں کیا اور مئی 2024ء میں اس کے سسرال والوں نے اسے زبردستی ایچ آئی وی سے متاثرہ سرنج سے انجکشن لگایا، جس کے بعد اس کی طبعیت بگڑ گئی اور طبی ٹیسٹ میں اس کی ایچ آئی وی کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ عدالت کی ہدایت پر خاتون کے 32 سالہ شوہر، ساس، دیور اور دیورانی کے خلاف آئی پی سی سیکشن 307، 328، 406 اور 498A کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید