بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو وکلاء کی جانب سے شکایات لگانے پر بعض رہنماؤں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مرکزی قائدین نے وکلاء کی شکایات اور پیغام رسانی پر بھی سوالات اٹھا دیے، پارٹی قائدین نے کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی اجلاسوں میں وکلاء کے طرز عمل پر سوالات اٹھائے۔
پارٹی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ وکلاء میں چند ایسے بھی ہیں جو بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز کےلیے کام کرتے ہیں، بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز چند وکلاء کو اندر کی معلومات کے بدلے معاوضہ دیتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پارٹی ارکان نے الزام عائد کیا کہ چند وکلاء پارٹی کے الگ الگ گروپس کیلئے بھی کام کرتے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کو شکایات سمیت وکلاء کے معاملات کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی قیادت کو اڈیالہ میں ملاقاتیں ہی نہیں کرنے دی جاتیں،
صرف وکلاء ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرتے ہیں، سیاسی قیادت عدالتوں سے اجازت لے کر مشکل سے ملاقات کر پاتی ہے۔