نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے متعلق عالمی بینک کے ادارہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے منیجنگ ڈائریکٹراور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ نے جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب سے ملاقات کی ہے،جس کے ایجنڈے کو 2026تا2035کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے اجرا کی اہم کڑی قرار دینا مناسب ہوگا۔عالمی بینک کے اس اقدام کے تحت'' انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی ـ"کے توسط سے گزشتہ ماہ پاکستان کیلئے آسان اقساط پر 40ارب ڈالر کا پروگرام پیش کیا گیا تھا،جس میں سے 20ارب ڈالر کا اجرا آئی ایف سی کرے گا۔متذکرہ ملاقات کے موقع پر معزز مہمان نے اس بات کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی بدولت پاکستان میں نجی شعبے کے منصوبوں کیلئے سازگار ماحول قائم ہوا ہے،جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں اہم پیشرفت ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کے معاشی ترقی پروگرام میں نوجوانوں کی واضح شمولیت چاہتے ہیں،متذکرہ ملاقات میںبھی انھوں نے پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مختلف پروگرام ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے اس موقع پر ملک کی معاشی ترقی ،خصوصاً برآمدات کے فروغ کے حکومتی عزم کا اظہارکیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت معاشی اصلاحات کے جس ایجنڈے پر روزوشب کوشاں ہے ،اس سے ملک کا معاشی ڈھانچہ اس قابل ہوا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پھر سے پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔قومی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،جسے پورا کیا جانا ضروری ہے۔عالمی بینک کا فنڈنگ پروگرام اس سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔