• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Cure From Various Disease To Smell The Flowers
پھولوں کے رنگوں سے سارا جہاں رنگین اور ان کی خوشبو سے ماحول مہکتا ہے۔قدرت کا یہ حسین تحفہ ایک اور حوالے سے بھی نہایت مفید ہے اور وہ یہ ہے کہ پھولوں سے مختلف امراض کا بھی علاج ممکن ہے ۔۔۔مثلاً

گلاب کی خوشبو سونگھنے سے بے خوابی کا مرض دُور ہو جاتا ہے، دِل و دماغ کو مضبوط کرنے میں بے حد مفید ہے۔گلاب کے تازہ غنچوں کو سُونگھنے سےقوت شامہ یعنی سونگھنے کی قوت مضبوط ہوتی ہے۔

اگر آنکھوں کی بیماریاں لاحق ہوں، تو نیلوفر کا پُھول سُونگھنے سے افاقہ ہوتا ہے۔ اس کی خُوشبو بے خوابی کے مرض کو دُور کر دیتی ہے اور پیاس گھٹانے میں مدد کرتی ہے۔

موتیے کے پُھولوں کی خُوشبو سُونگھنے سے خون کی حدّت کم ہو جاتی ہے۔ ذہنی پریشانیاں لاحق ہوں، تو شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اس کی خُوشبو نیند آور ہے اور بے خوابی کا مرض بھی رفع کر دیتی ہے۔

چنبیلی کی خُوشبو سُونگھنے سے دل کی بیماریاں دُور ہوتی ہیں۔ اس کے پُھول کی خُوشبو سُونگھناٹائیفائیڈمیں بے حد مفید ہے۔یہ خُوشبو رات کو لگائی جائے تو بھرپور نیند آتی ہے۔

رات کی رانی کی خُوشبو اعصابی تنائو دُور کرتی ہے۔ یہ جذبات انگیز اور خواب آور خوشبو ہے۔انتشارِ خون میں کمی لاتی ہے۔ ذہنی تھکاوٹ اور سَر درد دُور کرنے کے لیے اس کا استعمال مفید ہے۔

مولسری کے پُھول اگر بستر پر رکھ دیئے جائیں، تو ان کی خُوشبو سے سانپ اور بچّھو بستر پر نہیں آتے۔ نیز، یہ خُوشبو بھی ذہنی پریشانیاں دُور کرتی ہے اور نیند آور ہے۔

بیلا کی خُوشبو دورانِ خون تیز کرتی ہے، بے خوابی اور دِل و دماغ میں انتشار کی کیفیت میں مفید ہے۔

دھریک کی خُوشبو سُونگھنے سے وبائی امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ کنپٹیوں میں جمے ہوئے ریشے کے اخراج کے لیے دھریک کے پُھول سُونگھیں، اس کے پُھولوں کی خُوشبو دماغ کے سرد امراض ختم کرتی ہے اور خون کے فاسد مادّے دُور کردیتی ہے۔ وہ بند ناک جو ریشے کی وجہ سے ہو، کُھل جاتی ہے۔ متعدی امراض سے بچائو کے لیے اس کے پُھول کپڑوں میں بھی رکھ سکتے ہیں۔

آم کے پھول کو ہاتھوں پر ملنے سے حیرت انگیز تاثیر پیدا ہوتی ہے کہ ایسا ہاتھ اگر بچّھو یا شہد کی مکھی کے کاٹے پر بھی رکھ دیں تو اس کی جلن، سوزش اور درد فوراً ختم ہوجائے گا۔

گلِ دائودی کی خُوشبو دردِ شقیقہ میں بے حد مفید ہے۔ یہ دماغی تھکاوٹ اور بیماریوں کو بھی ختم کر کےتقویت و فرحت بخشتی ہے۔ قلب کو مضبوط بناتی ہے۔

نرگس کے پُھول کی خُوشبو سُونگھنے سے بے خوابی دُور ہوجاتی ہے۔ سَر درد اور زکام ختم ہوتا ہے۔ یہ دمے کے مریض کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔ یرقان کے مرض کو ختم کرتی ہے اور بواسیر ختم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

املتاس کے پُھول کی خُوشبو سے نزلہ، زکام، ناک کا بند رہنا اور کنپٹیوں کی جکڑن دُور ہوجاتی ہے۔ یہ قبض کشا تاثیر کی حامل ہے۔ نیز، بلڈ پریشر کم کرنے کے لیے بھی املتاس کے پُھول کی خُوشبو کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
بنفشہ کے پُھول کی خُوشبو آنکھوں کی سوزش اور جلن دُور کرنے کے لیے بے حد مفید ہے۔ موسمِ برسات میں موتیا، چنبیلی اور مولسری کی خُوشبو جذباتی لوگوں کو بے حد متاثر کرتی ہے۔
تازہ ترین