مصنّف: محمود میاں نجمی
صفحات: 152
قیمت: 500 روپے
ملنے کا پتا: امتُل البشیر ایجوکیشنل سوسائٹی، 445-اے، بلاک این، نارتھ ناظم آباد، کراچی۔
فون نمبر: 8275126 - 0315
محمود میاں نجمی معروف صاحبِ قلم ہیں، روزنامہ جنگ کے’’سنڈے میگزین‘‘ میں اُن کے مضامین شائع ہوتے رہے ہیں، جنہیں بعدازاں کتابی صُورت بھی دی گئی اور یوں باذوق قارئین کی کئی معیاری کتب تک رسائی ہوگئی، جس سے اُن کے علم میں اضافہ ہوا، تو دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے جذبات کو بھی فروغ ملا۔ نجمی صاحب نے اِسی سلسلے میں کچھ عرصہ قبل مدینہ منوّرہ کی تاریخ سے متعلق جنگ،’’سنڈے میگزین‘‘ میں متعدّد مضامین قلم بند کیے، جو اب کتابی شکل میں بھی دست یاب ہیں۔
یہ کتاب 35 ابواب میں منقسم ہے اور ان کے عنوانات ہی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اِس کے دامن میں معلومات کا کس قدر قیمتی خزانہ موجود ہے۔ پہلا باب’’ یثرب سے مدینہ تک، ماہ و سال کے آئینے میں‘‘ کے عنوان سے ہے، جب کہ دیگر ابواب کے عنوانات کچھ اِس طرح ہیں: عرب دنیا کی بہترین سرزمین، شہرِ یثرب کی تاریخ، یثرب میں بنی اسرائیل کی آمد، منقبت و فضیلت مدینہ منورہ، اسماء مبارک مدینہ منوّرہ، شہرِ خوباں کی آبادی، یثرب سے مدینہ تک، شہرِ یثرب سے آنحضرتﷺ کا قلبی تعلق، رسول اللہ ﷺ کی ہجرت، یثرب کے یہودیوں کی عادات و اطوار، یثرب کے یہود، عربیت کے رنگ میں، غزوات و سرایا کا آغاز،2 ہجری کے مزید چند اہم واقعات، 3،4ہجری کے چند غزوات، ریاستِ مدینہ کا پانچواں سال، مدینہ منوّرہ سے مکّہ مکرّمہ تک کا مقدّس سفر، مدینہ منوّرہ: دورِ خلافتِ راشدہ میں، مدینہ منوّرہ: دورِ بنو اُمیّہ میں، مدینہ منوّرہ: عبّاسی دورِ حکومت میں، موجودہ سعودی عہد میں مدینہ منوّرہ، روضۂ رسولﷺ(حجرہ شریف)، اسطواناتِ رحمت مسجدِ نبویؐ کے ستون، مدینہ منوّرہ کی دوسری تاریخی مساجد، جنّت البقیع: مدینے کا تاریخی قبرستان، مدینہ منوّرہ کے خُوب صُورت پہاڑ، مدینہ منوّرہ کے آتش فشاں پہاڑ، مدینہ منوّرہ کی چند مشہور وادیاں، مدینہ منوّرہ کے چند تاریخی کنویں، شاہ فہد قرآنِ کریم پرنٹنگ کمپلیکس، مدینہ کے تعلیمی مراکز، مدینہ منوّرہ کے کتب خانے، مدینہ منوّرہ کی کھجوریں اور قدیم ریلوے اسٹیشن، عجائب گھر۔کتاب رواں، عام فہم اور دل چسپ اسلوب لیے ہوئے ہے، جس سے قاری کی اوّل تا آخر دل چسپی برقرار رہتی ہے۔