افغانستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نبی اپنے بیٹے کے ساتھ قومی ٹیم میں کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ محمد نبی کا چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر نہ ہونے کا امکان ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران محمد نبی نے کہا کہ شاید یہ میرے آخری ون ڈے میچز نہ ہوں، میں شاید کم ون ڈے میچز کھیلوں گا اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کروں گا۔
محمد نبی نے کہا کہ میں نے سینئر کھلاڑیوں سے بات کی ہے، میں شاید بہت ہی اہم میچز کھیلوں اور شاید نہیں بھی، یہ میری فٹنس پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا اپنے اہداف خود بنائے، اگر آپ بہترین کرکٹر بننا چاہتے ہیں تو آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی، 50 یا 60 رنز بنانا کافی نہیں، آپ کو 100 سے زیادہ اسکور کرنا ہوگا۔
محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کو مشورہ دیتا رہتا ہوں تا کہ اسے اعتماد دلایا جا سکے، میرا خواب ہے کہ ہم دونوں ٹیم میں ساتھ کھیلیں، اُمید ہے کہ ہم اسے پورا کر سکتے ہیں۔
محمد نبی نے کہا کہ میرا بیٹا محنتی ہے اور اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے، میں بھی اسے اور زیادہ محنت کرنے پر زور دیتا ہوں۔
واضح رہے کہ محمد نبی کے بیٹے کا نام حسن عیسیٰ خیل ہے جس کی عمر 18 سال ہے، وہ 2024ء میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کا حصہ تھے۔