• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت کا ہر ملازم پو لیو مہم میں حصہ لینے کا پابند ہے ،کمشنر سکھر

سکھر(بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے غلام محمد مہر ٹیچنگ اسپتال سکھر میں ضلع میں بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جانے کے حوالے سے تین روزہ قومی مہم کا جائزہ لیا جو 27جولائی تک جاری رہے گی ۔اس موقع پر انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے بھی پلائے ۔کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ پوری قوم کے لیے چیلنج ہے اور اس فرض کو پورا کرنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تب ہی اس وائرس سے ہم اپنی قوم کے مستقبل کو بچا سکتے ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کی خامیاں دور کر کے مائیکرو پلان اور ٹیلی شیٹس میں لاپرواہی اور سستی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ والدین اپنی قومی ذمہ داری کو محسوس کریں اور اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس سلسلے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ، ویکسینیٹرز اور ڈاکٹر پولیو مہم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے انہیں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانا ہو گا۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پولیو ورکرز کو چاہیئے کہ وہ گھر گھر جا کر ہر پانچ سال تک کے بچے کو ذمہ داری سے پولیو مہم کا حصہ بنائیں اور اس کے ساتھ محکمہ صحت کا ہر ملازم پو لیو مہم میں حصہ لینے کا پابند ہے اور جو بھی لاپرواہی کا مظاہرہ کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنر پولیو مہم میں نگرانی کے عمل کو موٴثر بنائیں تا کہ جو خامیاں ہیں انہیں بھی دور کیا جا سکے۔ 
تازہ ترین