• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت فاطمہ، کراچی

ایک محتاط اندازے کے مطابق کھجور کم و بیش چھے ہزار قبل مسیح سے انسانی خوراک کا حصّہ ہے۔ پاکستان سمیت دُنیا کے ہر خطّے میں اِسے بڑی رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ یہ میٹھے پھلوں میں سے ایک ہے اور ماہِ رمضان میں کھجور کا استعمال باقی مہینوں کی نسبت زیادہ بڑھ جاتا ہے، خصوصاً افطار کے وقت تو دسترخوان پر کھجور لازماً ہوتی ہے۔

لذّت اور افادیت کے لحاظ سے اِس کی متعدد اقسام ہیں، جب کہ کھجور سے کئی خوش ذائقہ اورغذائیت سے بھرپور پکوان بھی بنائے جاتے ہیں۔ ذیل میں کھجور ہی سے تیار کردہ چند ڈِشز اور اسموتھی کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں۔

کھجور رول

نیم گرم آمیزہ ہتھیلی پر رکھ کر اس پر سفید تِل ڈالیں اور رول یا کوئی اور پسندیدہ شکل دے دیں
نیم گرم آمیزہ ہتھیلی پر رکھ کر اس پر سفید تِل ڈالیں اور رول یا کوئی اور پسندیدہ شکل دے دیں

اس ڈِش کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ کھجور کی یہ ڈِش میدے، مکھن، دارچینی، براؤن شوگر، کشمش، سفید تِل اوراخروٹ کی مدد سے تیارکی جاتی ہے اور اِسے سحروافطار دونوں دسترخوانوں پر سجایا جا سکتا ہے نیز، اسے بنانے کا طریقہ بھی نہایت آسان ہے۔

اجزاء: میدہ یا آٹا ڈیڑھ پیالی، نرم کھجور (گٹھلی نکال کر چھوٹے ٹکڑے کرلیں) ایک پیالی، مکھن چارچمچ، براؤن شوگر ایک پیالی، دارچینی (پسی ہوئی) ایک چمچ، اخروٹ آدھی پیالی اور کشمش حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک فرائنگ پین میں نمک پگھلا کر اس میں اخروٹ ڈال کر ہلکا سا تل لیں۔ اس کے بعد اس میں آٹا ڈال کر بُھونیں۔ جب آٹا اچّھی طرح بُھن جائے اور خوش بُو آنے لگے، تو اس میں دارچینی کا پاؤڈر، براؤن شوگر، کھجور اور کشمش ملا کر پکائیں۔ پک جائے، تو چُولھا بند کر دیں۔

پھر نیم گرم آمیزہ ہتھیلی پر رکھ کر اس پر سفید تِل ڈالیں اور رول یا کوئی اور پسندیدہ شکل دے دیں۔ یاد رہے کہ یہ سعودی عرب کا مقبول میٹھا پکوان ہے اور ماہِ صیام میں روزے داروں کے لیے توانائی سے بھرپور غذا ثابت ہوگی۔

نوٹ: یہ لذیذ اور صحت بخش پکوان سحری میں بھی کھایا جاسکتا ہے۔ آپ اسے چائے یا کافی کے ساتھ کھائیں۔

کھجور کی کھیر

اجزاء: کھجور ایک سو گرام، دودھ آدھا کلو، ٹوٹا چاول دو کھانے کے چمچ (پانی میں بھیگے ہوئے)، چینی پچاس گرام، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے پہلے ایک برتن میں دودھ اور ٹوٹا چاول ڈال کر پکالیں تاکہ چاول گَل جائیں۔ پھر اس میں کھجور، چینی اور کیوڑا ڈال دیں۔ جب گاڑھا پن آجائے، تو سمجھ لیں کہ آپ کی کھیر تیار ہے۔ اب اس کو ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

کھجور اور دال کا پلاؤ

اجزاء: چاول ایک کلو، مسور کی دال (دُھلی ہوئی) ایک کپ، پیاز (چھوٹی ) ایک عدد، تازہ کھجور (بغیر گٹھلی کے)250 گرام، خشک خوبانیاں250گرام، بادام (چھلکے اُترے ہوئے) ایک کپ، کشمش ایک کپ، مکھن ڈیڑھ کپ، گرم پانی ایک کپ۔

ترکیب: سب سے پہلے نمک ملے پانی میں چاول ابال لیں۔ پھر دال کو نمک میں ملا کر اتنا پانی ڈال کر پکائیں کہ گل جائے، مگر بالکل نرم نہ ہو۔ ایک کپ مکھن کو ایک کپ گرم پانی میں ڈال کر پگھلا لیں اور بقایا مکھن سوس پین میں گرم کر کے اِس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ پیاز کا رنگ بادامی ہوجائے تو اس میں کھجوریں، خوبانیاں، کشمش اور بادام کی گِریاں ڈال کر بھونیں اور مکھن ملے پانی کا آدھا حصّہ ایک اوون پروف بڑے پیالے میں ڈالیں۔

اوپر پکے ہوئے چاولوں کی ایک تہہ ڈال کر کھجوروں والے مرکب کی ایک تہہ لگائیں۔ اس کے بعد دال کی ایک تہہ لگا کر دوبارہ چاول، کھجوریں اور آخر میں بقیہ مکھن ملے پانی کو اوپر چھڑک کے ڈھکن بند کرکے تقریباً گھنٹے تک ہلکی آنچ پر دَم دیں۔ کُھلے منہ کے دیگچے میں دَم دے کر ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

چاکلیٹی کھجور

اجزاء: کھجور دس اونس، کریم دو اونس، چاکلیٹ چاراونس، بادام دو اونس (ثابت، چھلکے اترے ہوئے)۔

ترکیب: کریم کو ہلکی آنچ پر گرم کریں اور چولھے سے ہٹا کراس میں چاکلیٹ شامل کرکے مکس کریں، یہاں تک کہ چاکلیٹ پگھل جائے۔ اِسے ٹھنڈا اور گاڑھا ہونے کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔ پھر کھجور کاٹ کر اُس میں سے گُٹھلی نکال دیں۔ اب چاکلیٹ کے مکسچر کو پائپنگ بیگ میں ڈال کر کھجور میں بَھریں۔ پھر اوپر بادام رکھیں اور فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔