ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ رات سے جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
بلوچستان میں رات سے شمال مغربی علاقے غیرمعمولی موسمی سسٹم کے زیرِاثر ہیں۔
کوژک ٹاپ، شیلا باغ، پشین اور زیارت سمیت شہروں کے بالائی پہاڑی علاقوں پر برف باری اور تیز بارش ہوئی جبکہ پاک افغان بالائی سرحدی علاقوں میں بھی ژالہ باری ہوئی ہے۔
بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے سے بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب پاراچنار شہر اور میدانی علاقوں پر بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
سوات، لوئر دیر، بنوں، کوہاٹ، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کرک، ڈی آئی خان سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش اور برف باری نے موسم مزید سرد کر دیا۔
ادھر جہلم، میانوالی، گوجرانوالہ، بھیرہ، کوٹ ادو، خوشاب، سرگودھا سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔