مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی ترجیحات صرف اپنے آقاؤں کو خوش کرنا ہے۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کا صوبے کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، وہ ایک خط وفاق کو بھی صوبے کے حقوق پر بھی لکھیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خط میں این ایف سی ایوارڈ میں پورا حصہ دینے کی درخواست کریں، خط میں صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی اور سوتیلی ماں جیسے سلوک کے خاتمے کی استدعا کریں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ گورنر بے چارے کا ویسا بھی کوئی کام نہیں، صرف خط ہی لکھ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کا کردار آج کل ڈاک خانے جیسا ہے، جہاں ایک مسترد شدہ ڈاکیا بیٹھا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی طرح گورنر صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کچھ کریں۔