• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی پاسپورٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کرتا ہوں: ازبک صدر

شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ روشن مستقل کے لیے دونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے بہت اہم ہیں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

ازبکستان کے صدر کا کہنا ہے کہ خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، تاشقند اور لاہور کے لیے پروازیں دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔

شوکت مرزایوف نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہو رہی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، بات چیت کے بعد دونوں ملکوں نے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالرز تک بڑھایا جائے گا، علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کرتا ہوں۔

ازبکستان پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورۂ ازبکستان کے دوران بہترین میزبانی پر مشکور ہوں، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ کانگریس سینٹر تاشقند پہنچے تھے۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا تھا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر دارالحکومت تاشقند پہنچے تھے۔

ازبک وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ اور تاشقند کے میئر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا تھا۔

تاشقند پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان نے یادگار آزادی کا دورہ کیا، پھول رکھے، عظیم تاریخی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ازبک عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید