پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار جنید نیازی نے قومی کرکٹرز پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جنید نیازی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث کرکٹرز پر بے جا تنقید کرنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ ہار اور جیت دونوں کھیل کا حصّہ ہیں اس لیے چاہے نتیجہ کچھ بھی ہو، میں ہمیشہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ ایسے لوگ جو کبھی کبھی کرکٹ دیکھتے ہیں اُنہیں کرکٹ ٹیم پر تنقید کرتے دیکھنا مایوس کن ہے۔
اداکار نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ اگر ایک اداکار برانڈ کی قدر بڑھانے کے لیے ماڈلنگ کر سکتا ہے تو ایک کرکٹر ٹی وی اشتہار میں کام کیوں نہیں کر سکتا؟
اُنہوں نے لکھا ہے کہ اگر آپ برے وقت میں ٹیم کو سپورٹ نہیں کر سکتے تو آپ کو ان کی کامیابی پر جشن منانے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔
جنید نیازی نے لکھا ہے کہ ہم نے وسیم اکرم، شعیب اختر اور وقار یونس کے ساتھ جو کیا وہی سب ہم اپنی موجودہ کرکٹ ٹیم کے ساتھ دہرا رہے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ نہ تو ہم نے کھلاڑیوں کو بنایا ہے اور نہ ہی ان کی قدر کر رہے ہیں۔
اداکار نے یہ بھی لکھا ہے کہ ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف بلا شبہ بہت زبردست کارکردگی دکھائی ہے۔