• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوناکشی سنہا کا ظہیر سے شادی پر اسلام قبول کرنے سے متعلق اہم انکشاف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے ظہیر اقبال سے شادی پر اسلام قبول کرنے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

دبنگ گرل سوناکشی سنہا نے حالیہ انٹرویو میں ظہیر اقبال سے شادی اور اس سے جڑی افواہوں پر گفتگو کی، ان کی شادی کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔

سوناکشی نے انٹرویو میں واضح کیا کہ مجھ پر کبھی بھی ظہیر کے خاندان کی طرف سے اسلام قبول کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا گیا، میں اور ظہیر مذہب کو اپنی شادی میں رکاوٹ کے طور پر نہیں دیکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دو لوگ ہیں جو ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور شادی کرنا چاہتے تھے، انہوں نے اپنا مذہب مجھ پر مسلط نہیں کیا اور نہ ہی میں نے ان پر اپنا مذہب مسلط کیا، یہ کبھی بھی بحث کا موضوع نہیں تھا۔

سوناکشی نے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے مذاہب اور  روایات کا احترام کرتے ہیں، وہ اپنے گھر کی کچھ روایات پر عمل کرتے ہیں اور میں اپنے گھر کی، وہ میری دیوالی کی پوجا میں شریک ہوتے ہیں اور میں ان کی مذہبی رسومات میں حصہ لیتی ہوں۔

انہوں نے خصوصی شادی ایکٹ (Special Marriage Act) کے تحت شادی کرنے کو بہترین فیصلہ قرار دیا، کیونکہ اس کے ذریعے وہ بطور ہندو عورت اور ظہیر بطور مسلمان مرد اپنی شناخت برقرار رکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سوناکشی اور ظہیر نے تقریباً 7 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد گزشتہ برس 23 جون کو شادی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید