پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے میرا سب سے زیادہ رابطہ رہتا ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بانیٔ پی ٹی پئی ڈیل کرتے تو بہت پہلے لندن چلے جاتے، وہ واضح کر چکے کہ وہ ڈیل نہیں کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ مختلف جماعتیں مقتدرہ کے ذریعے اقتدار حاصل کرتی رہی ہیں، ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں، اب ماضی میں نہیں پڑنا۔
انہوں نے کہا کہ چادر چار دیواریوں کو پامال کیا گیا، یہ سیاست نہیں شرافت کا معاملہ ہے، 8 فروری کو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا، ہم محبِ وطن ہیں، اس طرح حکومت نہیں چل سکتی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ اور کے پی میں بسنے والے پاکستانی ہیں، ہم نے یکجا ہو کر آواز اٹھائی تو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔
سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا کہ ہم گارنٹی کے طور پر ساتھ کھڑے ہوں گے، قوم متحد ہو کر باہر نکلے اور ہمارا ساتھ دے۔