ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد زاید النہیان کے دورۂ پاکستان میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے کیے گئے۔
اسلام آباد آمد پر صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام نے ابوظبی کے ولی عہد کو خوش آمدید کہا، وزیراعظم ہاؤس آمد پر ابوظبی کے ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزراء، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات بھی ابوظبی کے ولی عہد کے وفد کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوگیا، ریلوے کے شعبے میں دو مفاہمتی یادداشتوں، انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے، ایوان صدر آمد پر صدر آصف زرداری نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ صدر نے ابوظبی کے ولی عہد کو نشانِ پاکستان کا اعزاز عطا کیا، جو ولی عہد ابوظبی شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی پاکستان کیلئے خدمات کا اعتراف ہے۔
ولی عہد کی غیر معمولی خدمات اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر نشان پاکستان کا اعزاز دیا گیا، ولی عہد ابوظبی نے تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے کردار ادا کیا۔