پشاور(سٹی رپورٹر) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے چارسدہ بس سٹینڈ کا دورہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور میونسپل سروسز پروگرام کے تحت اڈہ میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے پیر کے روز علیٰ الصبح چارسدہ بس سٹینڈکا اچانک دورہ کیا اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن صاحبزادہ محمد طارق‘ڈسٹرکٹ ممبر رضا محمد خان اوردیگر منتخب بلدیاتی نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے ‘ اس موقع پر ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے تمام سٹینڈز کا دورہ کیا اور فردا ًفردا ًمسافروں سے ان کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ کرایہ کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی انہوں نے اڈہ میں میونسپل سروسز پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا ۔