رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے عمران خان سے ملاقاتوں کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمیں کئی کئی ہفتے بانئ پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی، عدالتوں کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت احکامات دے دیتی ہے، اس کے باوجود ملاقات نہیں کروائی جاتی، قانون قیدیوں سے ملنے کی اجازت دیتا ہے، عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ عمران خان سے مل سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 6 ماہ میں ایک بار ملاقات کی اجازت دی گئی ہے، وکلا کو بھی بانئ پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، اس ملک میں نظام مفلوج ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کو قید خانے میں ایسے رکھا گیا ہے جیسے دہشت گردوں کو رکھا جاتا ہے، وہ بہت مضبوط اعصاب کے مالک ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا ریگولر چیک اپ کرایا جائے اور اس میں ہمارے ڈاکٹرز کو شامل کیا جائے۔