• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی نے جانوروں کے ساتھ یادگار لمحے گزارے








بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاست گجرات کے شہر جمنا نگر میں چڑیا گھر وَنٹرا اور بحالی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف جانوروں کے ساتھ یادگار لمحے گزارے۔

وَنٹرا تقریباً 3 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، اس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد جانوروں کو پناہ دی گئی ہے۔

 اس مرکز میں جانوروں کے قدرتی ماحول کی نگرانی کے ساتھ جدید ویٹرنری سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں، جس سے ناصرف جانوروں کی حفاظت بلکہ ان کی صحت یابی کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔

ایک ویڈیو کلپ میں وزیراعظم مودی کو مختلف جانوروں کے ساتھ کھیلتے اور محبت بھرے لمحات گزارتے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں انہیں ایشیائی شیر کے بچے، سفید شیر کے بچے، چیتے کے بچے اور دیگر جانوروں کے ساتھ وقت گزارتے دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے برفانی ٹائیگرز، سفید شیر اور برفانی چیتے کے قریب بیٹھ کر ان کا مشاہدہ کیا۔

وہ دیگر جانوروں گینڈے، ہاتھی، زرافے اور طوطوں کے ساتھ بھی گھل مل گئے۔

بھارتی وزیرِ اعظم مودی نے مرکز کی جدید ویٹرنری سہولتوں کا بھی معائنہ کیا جس میں MRI ،CT اسکین اور ICU جیسی خدمات شامل ہیں۔

انہوں نے مرکز کے جنگلی حیات اسپتال کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ایک آپریشن تھیٹر میں حالیہ واقعات کے بارے میں بریف کیا گیا، جہاں ایک چیتے کی ہائی وے پر کار سے ٹکرا جانے کے بعد سرجری جاری تھی۔

وزیرِ اعظم مودی نے مختلف تصاویر اور ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور انسٹا گرام پر شیئر کی ہیں جن میں انہیں شیر کے بچوں کو پانی پلاتے، گینڈے کے بچے کو دودھ پلاتے، اوکاپی کو پیار سے تھپتھپاتے اور اورنگوٹین کے ساتھ گلے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پوسٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ وَنٹرا جیسی کوشش واقعی قابلِ تعریف ہے، جو ہمارے صدیوں پرانے اصول کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم اس سیارے پر موجود تمام مخلوقات کی حفاظت کریں، ایسا اقدام ہمارے معاشرے کی ذمے داری اور فطرت کے ساتھ محبت کو اجاگر کرتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید