ورلڈ وائلڈ لائف ڈے پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گجرات کے گِر نیشنل پارک کا دورہ کیا۔
نریندر مودی وزراء اور محکمۂ جنگلات کے سینئر حکام کے ہمراہ پارک کی سیر کو پہنچے، سفاری سوٹ میں ملبوس کاؤ بوائے ہیٹ پہنے بھارتی وزیرِ اعظم نے جیپ میں پارک کا چکر لگایا، دوربین سے جنگلی حیات کا نظارہ کیا اور شیر اور دیگر جانوروں کی تصویریں بھی کھینچیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دورے کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کے موقع پر میں آج صبح گِر سفاری پر گیا، جو کہ دنیا کے شاندار ایشیائی شیروں کا گھر ہے، گِر آ کر مجھے ان دنوں کی یاد آتی ہے جب میں گجرات کا وزیرِ اعلیٰ تھا اور ہم سب نے مل کر جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کیا تھا۔
وزیرِ اعظم مودی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گزشتہ برسوں میں کی جانے والی مشترکہ کوششوں کی بدولت ایشیائی شیروں کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں جنگلی حیات کا دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد جنگلی پودوں اور جانوروں سے متعلق آگہی کو فروغ دینا ہے۔