کابل ایئرپورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ داعش کمانڈر کو امریکا پہنچا دیا گیا۔
گرفتار دہشت گرد شریف اللّٰہ کے امریکا پہنچنے پر فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کشیپ پٹیل کا بیان سامنے آگیا۔
ڈائریکٹر ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جعفر باضابطہ امریکا کی تحویل میں آگیا، امریکی عوام کےلیے انصاف کی فراہمی پر ایف بی آئی، سی آئی اے اور محکمہ انصاف پر فخر ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ داعش کمانڈر کو آج ورجینیا کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا، محمد شریف اللّٰہ پر 2021 کےکابل ایئرپورٹ حملے میں مدد کرنے کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کابل ایئرپورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری داعش کمانڈر شریف اللّٰہ کو پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شریف اللّٰہ عرف جعفر کو اسپیشل آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا، 26 اگست 2021 کے حملے میں ملوث شریف اللّٰہ امریکی انٹیلی جینس کا ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا۔
امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام کو گرفتاری کی اطلاع 10 روز پہلے دے دی گئی تھی ، رپورٹ کے مطابق نئے سی آئی اے ڈائریکٹر نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی روز پاکستان میں سینیر انٹیلی جینس حکام کے ساتھ کابل دھماکے کا معاملہ اٹھایا۔
فروری میں میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں بھی پاکستان کے اعلیٰ سیکیورٹی عہدے دار کے ساتھ اس معاملے پر بات کی، 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع کابل ایئرپورٹ پر خود کش حملے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے۔