• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کارکن ریلی کے دوران گتھم گتھا صحافیوں پر تشدد

  اسلام آباد (اے پی پی،نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے کارکن قومی احتساب بیورو نیب کے سامنے ریلی کے دوران ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا ۔ پیر کو تحریک انصاف نے مُلک میں بد عنوانی کے خاتمے کے حوالے سے نیب کے دفتر کے سامنے ریلی نکالی اس دوران پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ سیلفی بنانے کے معاملے پر کارکن آپس میں لڑ پڑے ایک دوسرے پر لاتیں اور مکے برسائے جبکہ اس دوران نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین سمیت صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ انہیں اس واقعے پر افسوس ہوا ہے ۔ صحافیوں پر تشدد میں ملوث پارٹی کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،عمران خان نے کہا کہ وہ نیب ہیڈ کوارٹر کے سامنے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے میڈیا کے ساتھ بدسلوکی پر معذرت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ کبھی ایسا نہیں ہو گا۔ مجھے یہ دیکھ کر صدمہ ہوا ہے لیکن آئندہ بنی گالہ اور خیبر پختونخوا ہائوس میں بھی آپ لوگوں کو آنے میں کوئی تکلیف نہیں ہونے دی جائے گی۔دوسری جانب وزیر اطلا عات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اندرونی لڑائی میں میڈیا کو نشانہ بنانا قابل مذمت فعل ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے انتشار اور بدتمیزی کا جو بد قسمت کلچر فروغ دیا، یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے میڈیا پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے پہلے بھی میڈیا کو پی ٹی آئی کی جانب سے دشنام طرازی اور زدوکوب کا سامنا رہا۔
تازہ ترین