اوسلو (اے ایف پی) منتظمین نے کہاہے کہ رواں برس نوبل امن انعام کیلئے300سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے، سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کیلئے انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام پیش کیا ہے۔ نوبل قوانین کے مطابق، امیدواروں کی شناخت 50سال تک خفیہ رکھی جاتی ہے۔ ناروے کے نوبل انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ مجموعی طور پر 338نامزدگیوں میں 244افراد اور 94 تنظیمیں شامل ہیں۔یہ گزشتہ سال کی 286 نامزدگیوں کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے، لیکن 2016 میں رجسٹرڈ ریکارڈ 376 نامزدگیوں سے کم ہے۔پیر کو امریکی رکن کانگریس ڈیرل عیسیٰ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ بھی ڈونلڈٹرمپ کو باوقار انعام کے لیے نامزد کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ان سے زیادہ کوئی بھی مستحق نہیں ہے۔