• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ڈیولپمنٹ پلان میں شفافیت سے 16 ارب روپے کی بچت

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز--- فائل فوٹو
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز--- فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لاہور ڈیولپمنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پلان میں شفافیت سے 16 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور ڈیولپمنٹ پلان پر رپورٹ پیش کی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ شہر میں مستقبل کی ضروریات کو مدِ نظر رکھ کر سیوریج سسٹم بنایا جائے گا، جس کے مطابق واسا لاہور میں مجموعی طور پر 780 کلومیٹر کی 1 سے 6 فٹ قطر کی نئی پائپ لائنز بچھائے گا جس میں پہلے مرحلے میں لاہور میں 450 سیوریج لائنیں ڈالی جائیں گی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارکس کی بحالی کو بھی ڈیولپمنٹ پلان میں شامل کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے فیز میں لاہور کے 6 زون کی تعمیر و مرمت اور ڈیولپمنٹ کی جائے گی، پلان میں فراہمی و نکاسیٔ آب  کے نظام، رابطہ سڑکوں اور پختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لیے لاہور ڈیولپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے کنٹریکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ  انسپکٹر ایک ایپ کے ذریعے نیسپاک پراجیکٹ کی انسپکشن کر سکے گا، لاہور ڈیولپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیجیٹل ٹریکنگ کی جا سکے گی۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اس کے علاوہ دیہات میں بھی گلیاں شہروں کی طرح بہترین بنائی جائیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کا نہر کی بھل صفائی کرانے کا حکم بھی صادر کیا۔

قومی خبریں سے مزید