کرکٹر شعیب ملک نے بیٹے اذہان کے ساتھ خصوصی تعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ہم دوستوں کی طرح رہتے ہیں اور وہ مجھے برو کہہ کر پکارتا ہے۔
شعیب ملک نے حال ہی میں ایک پروگرام میں اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور خاندان سے متعلق گفتگو کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ اپنے خاص اور پُرمحبت تعلق پر بھی روشنی ڈالی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ہر انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے دل کی سنے اور زندگی میں اپنے شوق اور دلچسپیوں کے مطابق ہر کام کرنے سے ہچکچائے نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے ہمیشہ اپنے دل کی آواز سنی ہے اور نہ صرف کرکٹ بلکہ دوسرے کھیلوں میں بھی حصہ لیا کیونکہ میں اپنی مرضی سے کھیلنا چاہتا تھا۔
شعیب ملک نے اپنے روزمرہ کے شیڈول کے بارے میں بتایا کہ ان کی ذمہ داریاں 3 مختلف شہروں میں تقسیم ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیشہ ورانہ معاملات ہیں، دبئی میں میرا بیٹا اذہان رہتا ہے اور سیالکوٹ میں والدہ مقیم ہیں۔
شعیب ملک نے بتایا کہ میں مہینے میں دو مرتبہ دبئی کا دورہ کرتا ہوں تاکہ بیٹے کے اسکول اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا خیال رکھ سکوں، اذہان کے اسکول سے لے کر کھیل کے میدان تک ہر سرگرمی میں اس کا ساتھ دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کے ساتھ پارک جاتا ہوں اور اس کی ٹینس اور ساکر کی کلاسز میں دلچسپی لیتا ہوں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا بیٹا اذہان ابھی 6 سال کا ہے اور وہ امید ظاہر کرتے ہیں کہ مستقبل میں اذہان کسی کھیل میں مہارت حاصل کرے گا۔