پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرمین بورڈ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ خواتین کو ہر شعبے میں شامل کیا جائے تو معاشرہ کی کوالٹی بدل جائے گی، پاکستان میں خواتین کو مردوں سے کم اجرت دی جاتی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خواتین کے عالمی دن سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈاکٹرشمشاد اختر نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ معاشروں کی تعمیر میں خواتین کا کردار اہم رہا ہے، غزہ گئی ہوں وہاں کی خواتین کے حقوق کا پرچار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں آنے دیں، فنانشل شعبہ میں مردوں کی اجارہ داری تھی، اب وہاں خواتین کی شمولیت ہو رہی ہے، جینڈر گیپ کم کرنا ہمارا عزم ہے۔
ڈاکٹرشمشاد اختر کا کہنا ہے کہ آج بجنے والا گونگ شمولیت اور برابری اور ترقی کی آواز ہے، معاشرے میں تعمیری بدلاؤ کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔
دوسری جانب تقریب سے خطاب کے دوران چیئرپرسن پاکستان بزنس کونسل ڈاکٹر زیلف منیر نے کہا کہ خواتین کو سرمایہ، مارکیٹ اور رسائی چاہیے، پاکستان میں خواتین فنانشل مارکیٹ سے غائب ہیں، ایس ای سی پی نے بورڈ پر خواتین کی شمولیت لازمی قرار دی ہے، خواتین کو سکھایا جائے کہ اپنی بچت کی سرمایہ کاری کر لیں تو یہ بڑی خدمت ہوگی۔