آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
استور میں گزشتہ رات سے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بالائی علاقوں میں مسلسل رابطہ سڑکیں بند ہونے سے اشیائے خور و نوش کی قلت ہوگئی ہے، کئی مقامات پر 3 سے 4 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔
اکثر رابطہ سڑکیں بند ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں سوات، دیر بالا، مردان سمیت اکثر شہروں میں بارش ہو رہی ہے، پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری نے نظارے دلکش کر دیے ہیں۔
ادھر آزاد کشمیر میں بھی سیاحتی مقامات پر گزشتہ رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کوئٹہ، چاغی، سوراب، قلعہ عبد اللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، ژوب اور شیرانی میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ وسطی، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں رات کے وقت موسم سرد جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے۔
قلات میں آج صبح کم سے کم درجۂ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سبی میں 14، خضدار میں15، پنجگور میں 18 اور تربت میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔