• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالائی علاقوں میں بارش و برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مینگورہ شہر، سیدو شریف، کبل اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کالام، گبرال، مہوڈھند اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے، بالائی علاقوں تک جانے والے راستے اور سڑکیں کھلی ہے۔

ادھر وادیٔ نیلم میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

شاردہ سے آگے سفر سے اجتناب کی ہدایت

ایس ڈی ایم اے کے مطابق مرکزی شاہراہِ نیلم تاؤبٹ بٹ تک ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے، البتہ شاردہ سے آگے سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر شہری اور سیاح بارش و برف باری کے دوران غیر ضروری سفر نہ کریں۔

 کوئٹہ میں موسم خشک

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ میں ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔

آج کوئٹہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

کراچی میں موسم گرم رہے گا

 دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 20.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 سے39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شمال مشرق سے خشک ہوائیں ہلکی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔