• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح بھارتی ٹیم کی وطن واپسی پر بس پریڈ نہ کرنے کا فیصلہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی پر بس پریڈ نہیں ہو گی جس کی وجہ بھی سامنے آ گئی۔

بھارت کی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں جیت کے بعد کھلاڑی اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہو چکے ہیں، مگر اس بار ان کے استقبال کے لیے کوئی بس پریڈ یا بڑی تقریب منعقد نہیں کی جا رہی۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ میں جیت کے بعد ممبئی میں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ایک شاندار جشن منایا گیا تھا مگر اس بار ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کی سب سے بڑی وجہ انڈین پریمیئر لیگ (IPL) 2025ء ہے، جو 22 مارچ سے شروع ہو رہی ہے۔

کھلاڑیوں کو اپنی آئی پی ایل فرنچائزز میں جلد رپورٹ کرنا ہے اور وہ کچھ وقت آرام کرنے اور ذہنی طور پر تازہ دم ہونے میں گزارنا چاہتے ہیں۔

مزید برآں اس بار کھلاڑی مختلف شہروں میں الگ الگ وقتوں پر پہنچ رہے ہیں کیونکہ ان کی واپسی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ایک ساتھ نہیں ہوئی۔

 کچھ کھلاڑی تو چھٹیاں گزارنے کے لیے بیرون ملک بھی جا رہے ہیں جس کے باعث کسی بڑی تقریب کے انعقاد کا امکان کم ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی 2025ء جیت لی، اس طرح بھارت یہ ٹورنامنٹ 3 بار جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید