مقبوضہ جموں و کشمیر میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی ایک بار پھر تنازع اور ریاستی دباؤ کی زد میں آ گیا جہاں ایک مقامی کرکٹر کو میچ کے دوران فلسطینی پرچم ہیلمٹ پر لگانے کے لیے پولیس نے طلب کر لیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر چیمپئنز لیگ کے ایک میچ کے دوران مقامی ٹیم جے کے 11 کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر فرقان بھٹ نے اپنے ہیلمٹ پر فلسطین کا پرچم لگایا، جس پر بھارتی حکام برہم ہوگئے، واقعہ جموں ٹریل بلیزرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔
واقعے کے فوراً بعد جموں رورل پولیس نے فرقان بھٹ کو طلب کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق لیگ کے منتظم زاہد بھٹ اور میچ کے لیے گراؤنڈ فراہم کرنے والے شخص کو بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا جائے گا، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا جب دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور ریاست کے مطالبے کے حق میں مظاہرے جاری ہیں، جو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے باوجود مزید شدت اختیار کر چکے ہیں۔