• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت تیسری مرتبہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا


بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ٹائٹل جیت لیا، نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر بھارت تیسری مرتبہ ٹرافی کا حقدار ٹھہرا۔ 

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کیلئے 252 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارت نے 49 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے  252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔ نائب کپتان شبھمن گل 31 رنز پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، بھارتی ٹیم ابھی شبمن گل کی وکٹ کے نقصان سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ مائیکل بریسویل نے محض چار گیندوں بعد ویرات کوہلی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ کوہلی صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے، جس سے بھارت پر دباؤ مزید بڑھ گیا تھا۔

اس کے بعد راچن رویندرا نے 122 کے مجموعے پر  بھارتی کپتان روہت شرما کی شاندار اننگز کا خاتمہ کیا۔ جو 76 رنز بنا چکے تھے اور  ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ٹام لیتھم کے ہاتھ اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی ٹیم کو چوتھا نقصان شریاس ایئر کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 183 پر 48 رنز بنا کر  پویلین کی جانب روانہ ہوئے۔

 اس کے بعد اکشر پٹیل 39 ویں اوور میں 203 کے مجموعے پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ چھٹی وکٹ کا نقصان بھارت کو 241 پر  ہاردک پانڈیا کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔

ایک جانب بھارت کی وکٹیں گرتی رہیں لیکن ہر نئے آنے والے بلے باز نے اپن ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

بھارت نے 252 کا ہدف 6 وکٹوں پر 49ویں اوور میں حاصل کیا، کے ایل راہول 34 جبکہ رویندرا جاڈیجا 9 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ 

نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔



اس سے قبل میچ میں  ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دھواں دار آغاز کے باوجود مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 251 رنز بنائے۔

کیوی بیٹرز کو بھارتی اسپنرز نے جال میں پھنسا لیا، اور کسی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 7.4 اوورز میں اسکور 57 رنز تک پہنچایا جس کے بعد بھارت اوپنر وِل ینگ کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوگیا، وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کچھ ہی دیر بعد 10.1 اوور میں بھارت نے دوسری وکٹ 69 رنز پر حاصل کرلی، راچن رویندرا 37 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 12.2 اوورز میں 75 رنز پر گری، کین ولیمسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کیویز کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں 24ویں اوور میں اٹھانا پڑا، لیتھم 14 رنز بنا کر 108 کے مجموعے پر جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ 

نیوزی لینڈ ٹیم جب مشکلات کا شکار ہوئی تو ڈیرل مچل نے گلین فلپس کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھایا، 165 کے مجموعے پر فلپس ورون چکرورتھی کی گیند پر 34 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

ڈیرل مچل نے محتاط انداز میں اسکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، وہ 63 رنز کی اننگز کھیل کر محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

اننگز کے اختتامی لمحات میں مائیکل بریسویل نے 40 گیندوں پر 53 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کو 251 کے ہندسے تک پہنچایا۔ 

بھارت کی جانب سے ورون چکرورتھی اور کلدیپ یادیو نے دو دو جبکہ محمد شامی اور رویندرا جاڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔    

مین آف دا میچ اور ٹورنامنٹ

بھارتی کپتان روہیت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا تھا کہ میٹ ہنری انجری کے باعث نہیں کھیل رہے، ان کی جگہ نیتھن اسمتھ آئے ہیں۔

مچل سینٹنر نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پِچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلے میچ کی تھی۔

بعدازاں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے، پِچ اچھی ہے، دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا۔

روہت شرما نے کہا تھا کہ ڈریسنگ روم میں یہی بات کی تھی کہ ٹاس کی فکر نہ کریں اور صرف اچھا کھیلنا ہے، نیوزی لینڈ گزشتہ کئی سالوں سے بہت اچھی ٹیم رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہے، ہمارے لیے چیلنج نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا کھیلنا ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ یہ بھارت کا پانچواں جبکہ نیوزی لینڈ کا تیسرا چیمپئنز ٹرافی کا فائنل تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید