آسٹریلوی آل راؤنڈر شین ایبٹ نے پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کو آؤٹ نہ کر پانے پر اپنی مایوسی کا اظہار مزاحیہ انداز میں کرتے ہوئے کہا کہ میں بابر کے خلاف بولنگ کرتے کرتے تنگ آ چکا ہوں۔
شین ایبٹ، جو 29 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں، اب تک وائٹ بال کرکٹ کے دونوں فارمیٹس میں بابر اعظم کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے ہیں، حالانکہ دونوں کے درمیان متعدد مقابلے ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شین ایبٹ نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں بابراعظم کو 48 گیندیں کروائیں، جن پر انہوں نے 40 رنز دیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آسٹریلوی کھلاڑی نے بابراعظم کو 12 گیندیں کروائیں، جن پر پاکستانی بیٹر نے 8 رنز بنائے۔
یہ دونوں اس وقت بگ بیش لیگ 26-2025 میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ایک ہی ڈریسنگ روم شیئر کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود شین ایبٹ نے بابراعظم کے خلاف بولنگ کو مشکل قرار دیا۔
حالیہ انٹرویو میں شین ایبٹ نے قومی کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بابر آپ کو وہیں مارتا ہے جہاں وہ چاہتا ہے اور میں اس کو بولنگ کرتے کرتے تنگ آ چکا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ چاہے ڈومیسٹک کرکٹ ہو یا انٹرنیشنل کرکٹ، مجھے نہیں یاد کہ میں نے کبھی اسے آؤٹ کیا ہے اور کبھی کبھی ایسا لگتا ہے جیسے آہستہ آہستہ نقصان ہو رہا ہے، کیونکہ جب آپ اسکور بورڈ پر نظر ڈالتے ہیں تو وہ 120 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیل رہا ہوتا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ اسے آؤٹ کرنے کے قریب بھی نہیں ہیں۔
شین ایبٹ نے بابراعظم کی سڈنی سکسرز کے لیے اہمیت کو سراہتے ہوئے انہیں ٹیم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ (بابر اعظم) ہماری ٹیم کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہیں اور اب تک ہمارے لیے بہترین فٹ ثابت ہوا ہے۔ ہم واقعی خوش قسمت ہیں کہ بابراعظم سکسرز کا حصہ ہیں۔
شین ایبٹ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے بگ بیش لیگ کے میچ میں بابر اعظم نے سڈنی سکسرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے میچ وننگ ففٹی اسکور کی اور اپنی ٹیم کو اہم فتح سے ہم کنار کیا۔
میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی سکسرز نے میلبرن رینی گیڈز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
سڈنی سکسرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے قومی کرکٹر بابرا عظم نے 46 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔