سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن اتحاد سے متعلق پارٹی رہنماؤں کی کوششوں کو سراہا اور کہا ہم اصول کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے جے یو آئی کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن اتحاد سے متعلق کوششوں کو سراہا ہے، بانی نے کہا ہے ہم اصول کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جو بھی جمہوریت کیلئے ہمارا ساتھ دے اس کا خیرمقدم کریں گے، اگر ہمارے ساتھ کوئی کھڑا ہوتا ہے تو ہم پر احسان نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں کرپشن کی کوئی جگہ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو ان کی تائید حاصل ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے اس کیلئے ایک کمیٹی بنائیں گے، بہت سی باتیں سیاسی رقابت کی وجہ سے ہوتی ہیں، کے پی میں کرپشن کے مسئلے پر اگر کسی کی بات میں وزن ہے تو ہمیں اس کو دیکھنا چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین کی وزارت اعلیٰ کو کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کی جماعتیں سب ہمارے ساتھ چلیں گی۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ اچکزئی صاحب ہوں یا جی ڈی اے، سب کا اتفاق ہے پاکستان اب آئین کے مطابق چلے گا۔ سندھ میں پانی کا مسئلہ بھی آئین و قانون سے جڑا ہے۔ اگر انڈس معاہدے کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو عدالتوں کو چاہیے کہ قانون کا نفاذ یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے افغانستان اور امن و امان سے متعلق بھی بات کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ان کے دور میں افغانستان میں پاکستان مخالف حکومت تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ افغانستان سے اچھے تعلقات سے پاکستان میں استحکام آسکتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور علیمہ خان اور وکلا کی تکرار کے وقت میں موجود نہیں تھا، ہم سب وکلا کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔