امام مسجد بچوں کے ساتھ بچہ بن گئے، ترکی کی مسجد کی خوبصورت ویڈیو وائرل ہو گئی۔
بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور جو بچے بچپن سے مساجد کا رخ کرتے ہیں وہ آنے والے وقت کے نمازی سمجھے جاتے ہیں۔
ترکی میں بچوں کو مسجد کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں، جن میں امام مسجد بھی دلچسپی سے حصہ لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ترکی کی ایک مسجد کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں امام مسجد کو بچوں کے ساتھ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں وہ بچوں کے ساتھ چھپن چھپائی اور چور سپاہی جیسے روایتی کھیل کھیل رہے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ خود بھی بچوں کی طرح محظوظ ہو رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امام مسجد پہلے ستون کے ساتھ آنکھیں بند کر کے کھڑے ہوتے ہیں اور جیسے ہی بچے چھپتے ہیں وہ انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کچھ دیر بعد کھیل کا انداز بدل جاتا ہے اور چور سپاہی کھیل میں امام مسجد آگے بھاگتے ہیں جبکہ بچے انہیں پکڑنے کے لیے پیچھے دوڑتے ہیں۔
کھیل کے دوران بچوں کے خوشی سے بھرپور قہقہے گونجتی رہتے ہیں اور امام مسجد بھی ان کے ساتھ خوشی میں شریک نظر آتے ہیں۔
یہ خوبصورت مناظر دیکھنے والوں کو بے حد پسند آ رہے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین امام مسجد کے اس انداز کو سراہتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ترکی میں مساجد میں بچوں کے لیے ایسی سرگرمیاں منعقد کی گئی ہوں، کچھ سال قبل رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ایک مسجد میں 5 سے 8 سال کے بچوں کے لیے اعتکاف کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کی تھی جس کا مقصد بچوں میں اعتکاف کی اہمیت اور عبادت کا شوق پیدا کرنا تھا۔
ترکی میں اس طرح کے اقدامات بچوں کو دین اور عبادات سے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ ویڈیو اس بات کی ایک عمدہ مثال ہے کہ کیسے محبت اور شفقت کے ذریعے بچوں کے دل میں مسجد کی محبت پیدا کی جا سکتی ہے۔