اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاول بھٹو نے وفاق سے 9 ارب روپے لے کر سندھ کے لوگوں کے حقوق کا سودا کر دیا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آج آصف علی زرداری کی تقریر کے جواب میں تقریر کی۔
انہوں نے کہا کہ کل شام بلوچستان میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے، ہم نے مطالبہ کیا کہ ایوان میں معمول کی کارروائی کے بجائے بلوچستان کا مسئلہ زیرِ بحث لایا جائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی، پوری پی ٹی آئی اور کارکنان کی طرف سے اس سانحے کی مذمت کرتا ہوں، ہم اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دریائے سندھ پر نہریں بنانے والے منصوبے کے خلاف قرارداد تیار ہے، چھوٹے صوبوں کی مرضی کے بغیر نہروں کا یہ منصوبہ نہیں ہونا چاہیے۔