وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کیلئے تعزیت پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا.
اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر مبنی شراکت داری، بالخصوص جی ایس پی پلس اسکیم جس نے اپنے آغاز سے ہی پاکستان اور یورپی یونین کو بھرپور فائدہ پہنچایا، کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
یورپی یونین کی سفیر نے وزیر اعظم کو یورپی یونین کے وفود کے حالیہ پاکستان کے دوروں کے ساتھ ساتھ آئندہ دوروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات
یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے آج وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔
پاکستان میں یورپی یونین کے دفتر کے مطابق اس موقع پر یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران یورپی یونین کی سفیر نے وزیر خزانہ کو اس سال مئی میں ہونے والے EU پاکستان بزنس فورم میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔