پشاور کے علاقے ارمڑ میں مسجد کے باہر آئی ای ڈی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے مفتی منیر شاکر کی نماز جنازہ باغ ناران میں ادا کردی گئی۔
مفتی منیر شاکر کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مفتی عبداللّٰہ شاکر نے پڑھائی، نماز جنازہ میں علماء کرام سمیت مذہبی شخصیات اور بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ مفتی منیر شاکر گزشتہ روز پشاور کے مضافاتی علاقے میں مسجد کے باہر آئی ای ڈی دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اڑمر دھماکے میں مفتی منیر شاکر زخمی ہوئے تھے جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے، دھماکے کے تین زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) پشاور قاسم علی خان کا کہنا تھا کہ مفتی منیر شاکر دھماکے کا ہدف تھے، جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں، پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ تفتیش کر رہی ہیں۔