سکھر(بیور ورپورٹ)ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے کہا ہے کہ سکھر ضلع میں جن تھانوں میں پولیس کی نفری کم تھی وہاں نفری کو بڑھایا گیاہے جبکہ تمام تھانوں کی حدود میں پولیس کے گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، پولیس کے گشتی نظام کو بہتر اور فعال بنانے کے لئے پولیس کو مزید 22موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا مقصد عوام کی جان ومال کا تحفظ ہے ،اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنانا اور خاص طور پر رات کے وقت مارکیٹوں ، تنگ گلی محلوں میں گشت کے ذریعے چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کی کڑی نگرانی کر نا ہے۔، بعض علاقوں میں رات کے وقت تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں ہوئی تھیں وہ ملزمان بھی پکڑے گئے ہیں اور پولیس نے رات سے صبح تک مزید گشت میں اضافہ کیا ہے، پولیس کو تیز لا ئٹ والی ٹارچیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ رات کو مختلف مارکیٹوں میں بجلی نہ ہونے کی صورت میں بھی ٹارچوں کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ٹریفک کے نظام کو فعال کرنے اور قانون شکن ڈرائیوروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، رواں ہفتے 300سے زائد موٹر سائیکل، آٹو رکشہ اور دیگر گاڑیاں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں، جنہیں مکمل کاغذات چیک کرنے کے بعد چھوڑا گیا، جن کے کاغذات مکمل نہیں تھے ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔وہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا کہ سکھر پولیس نے ضلع بھر میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، منشیات، فحاشی، جو ئے کے اڈوں کا قلع قمع کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں گشت کو بڑھاتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں ، پولیس شہر کے مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر اچانک چیکنگ کا عمل جاری رکھے، اس دوران نیلی بتی، کالے شیشے، فینسی نمبر پلیٹ یا دیگر ناموں سے لگی ہوئی نمبر پلیٹ کی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔