امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں امریکی فضائی حملوں میں متعدد حوثی رہنما مارے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ امریکی حملہ یمن کے حوثی رہنماؤں کے خلاف ہی کیا گیا تھا۔
مائیکل والٹز نے کہا کہ ہم نے حوثی رہنماؤں کو بھرپور قوت سے نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کو باور کروایا کہ بس بہت ہوچکا۔
امریکی مشیر قومی سلامتی کے مطابق ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے تمام آپشن میز پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران قابل تصدیق ذرائع سے جوہری ہتھیار رکھنے سے دستبردار ہوسکتا ہے، بصورت دیگر ایران کو سلسلہ وار نتائج کا سامنا ہوگا۔
مائیکل والٹز نے کہا کہ ہم کسی صورت ایسی دنیا نہیں چاہتے جہاں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی انگلی ایٹمی بٹن پر ہو۔
ادھر حوثی گروپ کے مطابق یمن پر گزشتہ رات امریکی فضائی حملوں میں 31 افراد مارے گئے تھے جبکہ 101 زخمی ہوئے۔