ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جعفر ایکسپریس واقعے پر منفی پراپیگنڈہ کرنے والے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
جعفر ایکسپریس واقعے پر منفی پروپیگنڈہ اور تضحیک آمیز مواد سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزم پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت سے ملزم حیدر سعید کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے 20 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ملزم حیدر سعید کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے۔