جیتے جاگتے گول گپے کی ننھی دنیا چھا گئی، اس دلچسپ اے آئی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
جدید مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ایک حیرت انگیز ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کے دل جیت لیے ہیں، اس وائرل ویڈیو میں مشہور اسٹریٹ فوڈ ’گول گپے‘ کو ایک جاندار کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو ایک منی ایچر (miniature) دنیا میں اپنی دلچسپ زندگی گزار رہا ہے۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام کے ایک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی، جس نے لاکھوں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔
ویڈیو میں گول گپے کو آنکھیں، ہونٹ اور ناک دی گئی ہے جو وقتاً فوقتاً حرکت کرتی ہیں اور مختلف تاثرات دیتی ہیں۔
ایک منظر میں یہ گول گپہ ایک تالاب میں تیرتا دکھائی دیتا ہے، جو گول گپے کا پانی ہے، اس سبز رنگ کے پانی میں دھنیے کے پتے، ہری مرچیں اور بوندی کے چھوٹے دانے تیر رہے ہیں۔
اس تالاب کے کنارے مزید گول گپے رکھے گئے ہیں، جن کے ارد گرد کراری سیو (sev) کی بارڈر بنائی گئی ہے، حیرت انگیز طور پر اس دنیا میں چھوٹے انسانی کردار بھی موجود ہیں جو اس منی ایچر دنیا کو مزید حقیقت کے قریب لے آتے ہیں۔
ویڈیو میں ایک اور منظر میں گول گپہ ایک بلند تخت پر براجمان نظر آتا ہے، جس کے ہاتھ میں ایک بڑا چمچ ہے جو کسی شاہی عصا (scepter) کی مانند لگ رہا ہے۔
اس کے سامنے ایک بلند پلیٹ فارم موجود ہے جہاں انسانی کردار مختلف چَاٹ (chaat) آئٹمز تیار کر رہے ہیں، گول گپہ بڑے وقار کے ساتھ اس پورے عمل کو دیکھ رہا ہے، جیسے وہ اس چھوٹی سی دنیا کا بادشاہ ہو۔
ویڈیو میں دیگر مناظر میں بھی مختلف سائز کے گول گپے دکھائے گئے ہیں، جنہیں پانی میں بھرا جا رہا ہے اور چٹنیوں کے ساتھ مزیدار چَاٹ تیار کی جا رہی ہے، چَاٹ کی بڑی پلیٹیں، مختلف چٹنیوں کے پیالے اور دیگر اجزاء بھی اس دنیا کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
یہ ویڈیو اب تک 4 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے اور اس پر ہزاروں تبصرے آ چکے ہیں، انسٹاگرام صارفین نے اس AI تخلیق کی بے حد تعریف کی اور کئی لوگوں نے تو اسے حقیقت میں دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔